بھارتی سپریم کورٹ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف درخواستوں کی سماعت سے گریز
بھارتی سپریم کورٹ چار بار مقدمے کی جلد سماعت کا اعلان کر چکی ہے تاحال سماعت نہ ہوسکی
بھارتی سپریم کورٹ ساڑھے تین سال سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے قانون آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف درخواستوں کی سماعت سے گریز کر رہی ہے ۔ بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور35 اے کو ختم کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف درجن سے زیادہ درخواستین عدالت میں سماعت کی منتظر ہیں۔ بھارتی اخبار کے مطابق سپریم کورٹ نے جمعہ کو اعلان کیا ہے کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف درخواستوں کی سماعت جلد ہوگی۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا پر مشتمل بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ راجو رام چندرن کی درخواست کی سماعت کی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف درخواستوں کی سماعت جلد کی جائے ۔ اس موقع پر عدالت ایک بارپھر کہا کہ سماعت جلد ہوگی14 دسمبر2022 کو ماہر تعلیم اور مصنف رادھا کمار نے بھی ایسی ہی درخواست دی تھی اس وقت بھی جلد سماعت کا کہا گیا تھا۔اس سے قبل گزشتہ سال 25 اپریل اور 23 ستمبر کو، اس وقت کے چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی میں ایک بنچ نے، آرٹیکل 370 کے خاتمے کے خلاف درخواستوں کی سماعت کر نے کا اعلان کیا تھا۔