بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

ایرون فنچ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

آسٹریلوی  ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ایرون فنچ نے 5 ٹیسٹ ،146 ون ڈے اور 103ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 8 ہزار 804 رنز بنائے، ان کے انٹرنیشنل کیریئر میں 17 ایک روزہ اور 2 ٹی ٹوئنٹی سنچریاں بھی شامل ہیں۔

فنچ نے 76 ٹی ٹوئنٹی اور55 ون ڈے میچز میں آسٹریلیا کی کپتانی بھی کی، وہ گزشتہ سال ستمبر میں ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔تاہم منگل کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے ایرون فنچ نے کہا کہ ‘مجھے احساس ہوگیا کہ میں اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ تک نہیں کھیل سکوں گا ، اس لیے ریٹائر ہونے کا یہ صحیح وقت ہے تاکہ ٹیم کے مستقبل کی تیاری شروع کی جاسکے’۔اس موقع پر انہوں نے پورے کیریئر میں سپورٹ کرنے پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ 2021 میں آسٹریلیا نے پہلی بارایرون فنچ کی کپتانی میں متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا تھا تاہم وہ گزشتہ سال اپنے ہی ملک میں ہونے والے ورلڈکپ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہے تھے۔

ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ ایرون فنچ کے پاس ہی ہے، انہوں نے 2018  میں زمبابوے کے خلاف 76 گیندوں پر 172 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی تھی۔

Back to top button