تجارت
پاکستان امریکہ کیساتھ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کے فروغ کیلئے پر عزم
وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہاہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے آج اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔
انہوں نے اقتصادی تعاون‘ تجارتی اقدامات اور سرمایہ کاری کے مواقع سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وفاقی وزیر نے دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کیا۔امریکی سفیر نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلق کی تعریف کی اور کہا کہ دونوں ملک اپنے تعلقات کو مزیدمستحکم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔