قوموں کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، ملک احسان احمد اعوان
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی ڈسٹرکٹ خوشاب ملک احسان احمد اعوان نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سالانہ ٹورنامنٹ گورنمنٹ ایلیمنٹری ونگ ضلع خوشاب کی شاندار تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس پروقار تقریب کے گیسٹ آف آنر ممتاز ماہر تعلیم ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سکولز خوشاب ملک فضل الہی فضل تھے جبکہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر خوشاب ملک محمد اسحاق اعوان ،فزیکل ایجوکیشن آفیسر ڈسٹرکٹ خوشاب عابدحسین بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہیر عباس بھٹی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر جوڑاکلاں ویسٹ ملک سرفراز احمداعوان اور دیگر آفیسرز زینت محفل تھے ۔
سالانہ ٹورنامنٹ کی شاندار تقریب کی سرپرستی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری سکولز خوشاب چوہدری محمد اشفاق احمد نے کی۔ نقابت کے فرائض فوکل پرسن سپورٹس محمد اکبر ساقی نے بطریق احسن سرانجام دئیے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری سکولز خوشاب ملک فضل الہی فضل نےضلع خوشاب میں سپورٹس کی ترویج کے لیے ایلیمنٹری سکولز ٹیچرز اور طلباء کی کوششوں کو شاندار الفاظ میں سراہا ۔
دوران تقریب گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول سدھاتھل کے طلبا نے مہمانان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور کلچرل شو کا شاندار مظاہرہ کرکے خوب داد و تحسین وصول کی ۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول پلوآں تھل کے طلباء نے جمناسٹک اور ملی نغمہ پیش کرکے محفل کی رونق کو دوبالا کیا جبکہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول چک نمبر 46 ایم بی کے طلباء نے خوبصورت پی ٹی شو پیش کیا ۔ مہمانان خصوصی نے پوزیشن ہولڈر طلباء میں انعامات بھی تقسیم کئے ۔