بسم اللہ الرحمن الرحیم

علاقائی

خوشاب میں شامِ شعر و سُخن کا انعقاد

خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) رموز تنظیم برائے فنون و ادب اور خوشاب رائٹرز کلب کے باہمی اشتراک سے ڈپٹی کمشنر خوشاب محمد میثم عباس کے ساتھ ایک خوب صورت شامِ شعر و سُخن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر خوشاب نے کی، اے ڈی سی آر خوشاب محمد صہیب اور ڈی ای او سیکنڈری ایجوکیشن خوشاب ملک فضل الہی فضل مہمانانِ اعزاز تھے۔ سی ای او ایجوکیشن ملک احسان احمد اعوان بطورِ میزبان تقریب میں شامل ہوئے۔


نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری رموز تنظیم عدیل عباس عادل نے بطریق احسن سرانجام دئے۔ قومی ایوارڈ یافتہ قاری عمر دراز خان انور نے تلاوتِ کلام پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ وحید احمد قادری نے نعتِ رسولِ مقبولؐ سے حاضرین کے قلوب کو منور کیا۔ سرپرست اعلیٰ رموز تنظیم برائے فنون و ادب خوشاب پروفیسر (ر) خالد جیلانی ٹوانہ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے خطبہء استقبالیہ پیش کیا۔


حاضر شعرا عدیل عباس عادل، مزمل ادریس، دانیال زمان، حسنین آفتاب، کاشف واصفی، وحید احمد قادری، عاجز کمال رانا، رمیض نقوی، ڈاکٹر اظہر احمد بزمی، اطہر فراز، گل جہان، راجہ غلام اصغر طاہر، محمد حُسین ملک اورملک فضل الہی فضل نے اپنا اپنا تازہ کلام سنایا۔
ڈپٹی کمشنر خوشاب نے خوشاب کے مشاہیرِ ادب، رموز کے نوجوانوں اور دیگر اہلِ قلم کی خدمات کو سراہتے ہوئے اُنھیں معاشرتی قدروں کا پاسدار کہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ تاریخی سرور شہید لائیبریری کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ ضلع بھر میں موجود دیگر کمیونٹی ہالز اور مقامات کی حالت سنوار کے اہلِ فنون و ادب کواپنی صلاحتیں بڑھانے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ سلسلہ وار تنقیدی و ادبی نشستوں کے لیے بہترین ماحول اور باقاعدہ فنڈز کا اجرا کیا جائے گا۔اِس موقع پر انھوں نے سی ای او ایجوکیشن خوشاب ملک احسان احمد اعوان کی محکمانہ و سماجی خدمات کو خصوصی طور پر سراہا۔سی ای او ایجوکیشن خوشاب ملک احسان احمد اعوان نے ضلعی انتظامیہ کی ادب پروری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے رموز تنظیم اور ضلع خوشاب کی ادیب برادری کا ہر ممکن ساتھ دینے کو اپنے لیے باعثِ سعادت اعزاز گردانا۔


نشست کے دیگر مہمانوں میں صدر شعبہ اردو پوسٹ گریجویٹ کالج جوہرآباد ڈاکٹر عاصم شہزاد جوئیہ، محکمہ تعلیم کے افسران انچارج لائبریری ملک ذوالفقار علی، کاشف اعجاز پاشا، محمد شاہد اقبال، ملک پرویز احمد اعوان، آفتاب ثقلین شاہ، لائبریری سٹاف، رانا عقیل احمد اور دیگر شرکا شامل تھے۔حاضرینِ محفل نے لائبریری سٹاف، محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ کی فعال ترین سرگرمیوں کو مثالی قرار دیا۔

اشتہار
Back to top button