بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مزید 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے مزید 43 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے جانے کے بعد الیکشن کمیشن پاکستان نے انہیں ڈی نوٹیفائی کردیا۔اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے یہ استعفے منظور کرنے کی خبر گزشتہ روز ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب کہ 2 روز قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کے تمام 45 اراکین قومی اسمبلی نے اپنے استعفے واپس لینے کی درخواست الیکشن کمیشن پاکستان میں جمع کرائی تھی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے آج جن اراکین کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا ان میں ریاض فتیانہ ، سردار طارق حسین ، محمد یعقوب شیخ ، پرنس نواز ، راز محمد، مرتضیٰ اقبال ، غزالہ سیفی شامل ہیں۔دیگر ممبران میں نوشین حامد، جواد حسین، صائمہ ندیم ، تاشفین صفدر، ثوبیہ کمال خان ، ظل ہما ، رخسانہ نوید، حاجی امتیاز چوہدری، سردار محمد خان لغارں، لال چند ، منزہ حسن اور طارق صادق شامل ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر اور ریاض فتیانہ پر مشتمل 2 رکنی وفد کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ہم 45 اراکین قومی اسمبلی اپنی درخواست واپس لے رہے ہیں، اسپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو استعفی واپس لینے سے متعلق آگاہ کردیا ہے۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اگر ہمارے استعفے منظور کرتے ہیں تو ہمیں ڈی نوٹیفائی نہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب کہ 17 جنوری کو اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 34 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کے تین روز بعد 20 جنوری کو اس کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور کرلیے تھے جس کے بعد پی ٹی آئی کے مستعفیٰ اراکین کی تعداد 79 ہوگئی تھی، آج ڈی نوٹیفائی اراکین کے ساتھ اس کے مستعفی قانون سازوں کی تعداد 122 ہوگئی ہے۔

پی ٹی آئی نے گزشتہ سال اپریل میں پی ٹی آئی سربراہ عمران خان کی برطرفی کے بعد پارلیمنٹ کے ایوان زیریں سے اجتماعی استعفے دے دیے تھے، بعد ازاں اسپیکر قومی اسمبلی نے صرف 11 ارکان کے استعفے منظور کیے تھے اور کہا تھا کہ باقی ارکان اسمبلی کو تصدیق کے لیے انفرادی طور پر طلب کیا جائے گا جب کہ کراچی سے رکن اسمبلی شکور شاد نے اپنا استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔

اشتہار
Back to top button