الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کردی
الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی، کراچی اور حیدر آباد میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد کی صورتحال پر بھی غورکیا گیا، اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر، ممبران، سپیشل سیکرٹری، ڈی جی لاء، ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشن سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سندھ میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے ہنگامی اجلاس میں سندھ حکومت کے اقدام پر برہمی کا اظہار کیا گیا۔الیکشن کمیشن کے اجلاس میں سندھ حکومت کے خلاف سخت کارروائی پر بھی غورکیا گیا، اجلاس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں کوئی بھی بلدیاتی انتخاب کرانا نہیں چاہتیں، اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم کا سارا ملبہ الیکشن کمیشن پر ڈالا گیا، سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل تھے دو دن پہلے عین وقت پر سندھ حکومت نے ایسا اقدام کیا۔
الیکشن کمیشن نے اعلامیہ میں کہا کہ کراچی ڈویژن ، حیدر آباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق ہوں گے، جلد ایک آرڈر جاری کریں گے، وزارات داخلہ انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنائے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے گزشتہ روز کراچی، حیدر آباد اور دادومیں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔