ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سیمی فائنل ٹکرائو آج
آسڑیلیا میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائیگا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیمی فائنل مرحلے تک رسائی تک کے سفر میں صرف ایک شکست کھائی ہے اور اس نے اپنے گروپ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے گیلن فلپس ٹاپ سکورر رہے ، فلپس نے چار اننگز میں 195 رنز سکور کئے فلپس کو جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سنچری سکور کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے ، فلپس کے علاوہ ڈیون کانوائے نے 124 اور کپتان کین ولیمسن نے 132 رنز سکور کر رکھے ہیں اگر نیوزی لینڈ ٹیم کی بائولنگ لائن پر نظر ڈالی جائے تو ان کی جانب سے بھی اچھی کارکردگی دیکھنے کو ملتی ہے مچل سانٹر اب تک آٹھ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جبکہ ٹم سائوتھی اور لوکی فیرگوسن نے سات سات وکٹیں لے رکھی ہیں سودھی اور ٹرینٹ بولٹ نے چھ چھ وکٹیں حاصل کی ہوئی ہیں
دوسری جانب پاکستان کی کارکردگی دیکھی جائے تو اپنے گروپ میں پہلے دونوں میچوں میں حیران کن طور پر پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی اس کی بڑی وجہ جنوبی افریقہ کی ٹیم کی نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست تھی ، پورے ٹورنامنٹ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ہے، شان مسعود ٹیم کے اس وقت ٹاپ سکورر ہیں جنہوں نے پانچ اننگز میں 134 رنز سکور کئے ہیں سٹار بیٹرز محمد رضوان اور بابر اعظم اب تک اپنی بہترین فارم میں نظر نہیں آئے ہیں، محمد رضوان کی رنز بنانے کی اوسط 20.60 اور وہ اب تک صرف 103 رنز سکور کر سکے ہیں بابر اعظم اب تک پانچ اننگز میں صرف 39 رنز بنا سکے ہیں تاہم محمد حارث کو ٹیم میں شامل کرنے سے بیٹنگ لائن میں کچھ توازن نظر آیا ہے
ٹورنامنٹ میں دیکھا جائے تو پاکستانی بائولرز نے اب تک اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، آل رائونڈر شاداب خان اب تک ٹورنامنٹ میں دس وکٹیں لے چکے ہیں شاہین شاہ آفریدی کی آٹھ محمد وسیم نے سات اور حارث رئوف نے چھ وکٹیں لے رکھی ہیں، دونوں ٹیموں کا اب تک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 28 مرتبہ ٹکرائو ہوا ہے اور اس میں پاکستان کو برتری حاصل ہے، پاکستان نے سترہ جبکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے گیارہ میچ جیتے ہیں۔