پاکستان اور سعودی عرب کا دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کااظہار
سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے سیاسی اور سلامتی کے ستون کے مشترکہ ورکنگ گروپ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔
اجلاس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے قائم مقام سیکرٹری خارجہ جوہر سلیم اور سعودی عرب کے نائب وزیر برائے سیاسی امور ڈاکٹر سعود بن محمد الساطی نے کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے وسیع موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے سیاسی اور سیکورٹی کے شعبوں میں دیرینہ دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم کیا۔
دونوں وفود نے اپنے قریبی پڑوس اور وسیع تر خطے کی سیاسی اور سیکورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ مختلف حالیہ پیشرفت پر خیالات میں یکسانیت تھی۔ فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر رابطہ کاری اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
جوائنٹ ورکنگ گروپ کے اجلاس کے بعد سیاسی اور سلامتی کے ستون کی وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں اتفاق رائے کی تجاویز کو حتمی شکل دی جائے گی۔