وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، مبینہ حملہ آور کا بیان لیک کرنے پر ایس ایچ او سمیت تمام عملہ معطل
واقعے کی تحقیقات کی جائے،غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے،چوہدری پرویز الہی کے احکامات
وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیرآباد واقعے کے مبینہ حملہ آور کا بیان لیک کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام عملے کو معطل کردیا، موبائل فونز کے فارنزک کی بھی ہدایت کردی۔
واقعے میں ملوث ملزم کو پولیس نے حراست میں لیا تھا، جس کا ایک ویڈیو بیان بھی منظر عام پر آیا، جس میں اس کا کہنا تھا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہا تھا، اس لئے مارنے کا فیصلہ کیا۔
وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے مبینہ حملہ آور کا ویڈیو بیان لیک کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا، متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سمیت تمام اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔وزیراعلی پنجاب نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔
چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ تھانے کے تمام عملے کے موبائل قبضے میں لے لئے گئے، موبائل فونز کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے گا۔ انہوں نے آئی جی پنجاب کو ہدایت کی کہ تحقیقات کرکے محرکات سامنے لائیں گے۔