بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

اب فیس بک سے بھی پیسے کمائے جاسکتے ہیں

اگر آپ فیس بک سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو اب تمام صارفین کے لیے یہ موقع دستیاب ہے۔دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں تمام صارفین کے لیے پروفیشنل موڈ کا فیچر متعارف کرا دیا گیا ہے جس کی مدد سے وہ اس پلیٹ فارم سے آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔

پروفائل پروفیشنل موڈ کی آزمائش کمپنی کی جانب سے دسمبر 2021 میں امریکا میں شروع کی گئی تھی اور اب تمام صارفین کے لیے اسے متعارف کرا دیا گیا ہے۔پروفیشنل موڈ کسی حد تک فیس بک پیجز سے ملتا جلتا فیچر ہے جس سے صارفین اس سوشل نیٹ ورک پر اپنے مواد پر آمدنی حاصل کرسکتے ہیں۔

پروفائل کو پروفیشنل موڈ پر تبدیل کرنے کے بعد صارفین کو اینالیٹکس ٹولز اور آمدنی کے حصول میں مددگار فیچرز جیسے فیس بک ریلز پلے بونس پروگرام تک رسائی مل جائے گی، جہاں وہ اپنی مختصر ویڈیوز سے پیسے کما سکیں گے۔

پروفیشنل موڈ سے صارفین ریلز، لائیو اور ویڈیو آن ڈیمانڈ کے فالوورز سے براہ راست رقم حاصل کرنے کے پروگرام اسٹارز تک بھی رسائی حاصل کرسکیں گے۔کمپنی کی جانب سے پروفیشنل موڈ استعمال کرنے والے محدود صارفین پر فیس بک ریلز میں اشتہارات کی آزمائش بھی کی جارہی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس موڈ سے عالمی سطح پر فالوورز بڑھانے کے ساتھ ساتھ صارف اپنے دوستوں اور گھروالوں سے منسلک رہ سکتا ہے۔

پروفیشنل موڈ کیا ہے؟

آسان الفاظ میں یہ انفرادی صارفین کا ایک پیج ہے جو بالکل اسی طرح کام کرتا ہے جیسے آپ انسٹاگرام اکاؤنٹ کو پروفیشنل میں تبدیل کردیں۔

فیس بک کے مطابق پروفیشنل موڈ سے تخلیق کاروں کو ایک علیحدہ پروفائل میں اپنی رسائی بڑھانے میں مدد ملے گی جس کے لیے انہیں مختلف ٹولز اور فیچرز دستیاب ہوں گے۔

پروفیشنل موڈ کیسے اپنائیں؟

اس مقصد کے لیے صارف کو اپنی فیس بک پروفائل میں جاکر ایڈٹ پروفائل کے برابر میں تھری ڈاٹ مینیو میں جانا ہوگا۔

اس مینیو پر کلک کرنے پر نیچے ٹرن آن پروفیشنل موڈ کا آپشن موجود ہوگا جس پر کلک کرکے ٹرن آن کریں اور بس۔

Back to top button