پولیو ٹیم پر حملہ، حفاظت پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق
صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین میں نامعلوم حملہ آوروں کی جانب سے پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔پشین کے ڈپٹی کمشنر محمد یاسر نےنجی ٹی وی کو بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے پشین کے علاقے ٹراٹ میں پولیو ٹیم پر حملہ کیا جس کے باعث پولیو ٹیم کی حفاظت پر تعینات پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔
محمد یاسر کا کہنا تھا کہ ’حملے میں پولیو ٹیم کے ورکرز کو کوئی نقصان نہیں ہوا‘۔جاں بحق پولیس اہلکار کی شناخت محمد ہاشم کے نام سے ہوئی ہے جن کی لاش کو طبی قانونی کارروائی کے لیے کوئٹہ منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس نے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔خیال رہے کہ ملک میں پولیو ٹیم پر حملہ نئی بات نہیں ہے، رواں سال اگست میں خیبرپختوںخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم حملہ آوروں نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر تعینات 2 پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
حالیہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب بلوچستان کے 19 اضلاع کی 426 یونین کونسلز میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔واضح رہے کہ پوری دنیا میں صرف تین ممالک پاکستان، افغانستان اور موزمبیق میں پولیو وائرس کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، رواں سال ان ممالک میں بالترتیب 19، 2 اور 7 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔