خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ضلع خوشاب کی نامور شخصیت، جنرل منیجر فوجی فرٹیلائزر گوجرانوالہ ڈویژن ملک اورنگزیب کھیمٹہ نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں تعلیم کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہرآباد میں میڈیا خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ چیئرمین ڈسٹرکٹ پریس کلب جوہرآباد ملک محمد حیات اعوان اور سوشل ورکر ملک عظمت اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ علم و ہنر کی دولت سے مالا مال اقوام ہی عالمی سطح پر ممتاز مقام حاصل کرتی ہیں ۔ ہمیں چاہیے کہ اپنی نوجوان نسل کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے اپنا اہم کردار ادا کریں ۔ ملک اورنگزیب کھیمٹہ نے کہا کہ اللہ تعالی ا کے فضل و کرم سے ضلع خوشاب کے دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ تحصیل نور پور تھل میں بھی شرح خواندگی میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے ۔ اس حوالے سے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کا کردار قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ تھل میں تعلیمی میدان میں نوجوان نسل میں جذبہ ء مسابقت کا فروغ یہاں کی تعمیرو ترقی کے لیے نیک شگون ہے ۔ ملک اورنگزیب کھیمٹہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تھل کی مٹی بڑی زرخیز بنائی ہے ۔ اس علاقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔ آج اللہ کے فضل و کرم سے تحصیل نورپورتھل سے تعلق رکھنے والے کئ ایک نامور سپوت عالمی سطح پر ملک و قوم کے لئے سرمایہ ءافتخار ثابت ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ مستقبل قریب میں تھل کے نوجوان اعلی ا خداداد صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف شعبوں میں مزید شاندار کامیابیوں سے ہمکنار ہو کر اپنے علاقہ اور والدین کے لئے قابل فخر سپوت ثابت ہوں گے ۔