بنگلہ دیش انڈر 19 کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش انڈر19 کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان کردیا ہے۔ مہمان اسکواڈ ایک چار روزہ اور پانچ ون ڈے میچز کھیلنے کے لیے یکم سے 19 نومبر تک پاکستان کا دورہ کرے گی۔
یہ تمام چھ میچز 4 سے 18 نومبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔محدود طرز کے میچز 45 اوورز پر مشتمل ہوں گے۔
بنگلہ دیش انڈر 19 نے آخری مرتبہ نومبر 2007 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا واحد چار روزہ میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جو ڈرا پر ختم ہوا تھا۔ٹورمیں شامل پانچ میں سے ون ڈے میچز بنگلہ دیش نے جیتے تھے۔
آئی سی سی کے قواعد کے مطابق آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2024 میں شرکت کے لیے کھلاڑی کا 31 اگست 2004 کو یا اس کے بعد پیدا ہونا لازمی ہے۔
ذاکر خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل پی سی بی:
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ سا ل 2022 پاکستان میں بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کا سال ہے، لہٰذا، وہ نومبر میں بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ 15 سالوں میں پاکستان میں پہلی جونیئر بین الاقوامی سیریز ہوگی، ایک چار روزہ اور پانچ محدود طرز کی کرکٹ کے میچز پر مشتمل یہ سیریز دونوں اطراف کے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرے گی۔
سیریز کے لیے قومی انڈر 19 اسکواڈ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
شیڈول:
یکم نومبر – بنگلہ دیش انڈر 19 ٹیم کی آمد
4 تا 7 نومبر – چار روزہ میچ
10 نومبر – پہلا ایک روزہ میچ
12 نومبر – دوسرا ایک روزہ میچ
14 نومبر – تیسرا ایک روزہ میچ
16 نومبر – چوتھا ایک روزہ میچ
18 نومبر – پانچواں ایک روزہ میچ
19 نومبر – بنگلہ دیش کی انڈر 19 ٹیم کی وطن واپس روانگی