مستونگ میں گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، 3 جاں بحق
بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کابو میں پک اپ گاڑی سڑک کنارے نصب باروری سرنگ سے ٹکرا گئی دھماکے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے ۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور مشیرداخلہ ضیاء لانگو نے ڈپٹی کمشنر مستونگ سے بم دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔
اسسٹنٹ کمشنر دشت فریدہ ترین نے بتا یا کہ مستونگ کے علاقے کابو میں گزشتہ شب ٹیوب ویل پر کام کرنے والے عمران نامی شخص کو قتل کرکے لاش ویرانے میں پھینک دی گئی تھی ۔
مقتول کے ورثا اور رشتہ دار اطلاع ملنے پر لاش اٹھانے کابو گئے، جب یہ لوگ لاش اٹھا کر واپس آرہے تھے تو ان کی پک اپ گاڑی سڑک کنارے نصب بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد غوث بخش ،گہور خان اور محمد رفیق جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے ۔
زخمیوں میں تین افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جنہیں کوئٹہ منتقل کردیا گیا، اسسٹنٹ کمشنر دشت فریدہ ترین نے بتایا کہ علاقے میں مائنز کی موجودگی کے خطرات کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔