ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمرا ن خان کی حفاظتی ضمانت منظور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمرا ن خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جس کے بعد سابق وزیراعظم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔
عمران خان نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آبادہائیکورٹ میں درخواست دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ ایف آئی اے نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کررکھا ہے، عدالت حفاظتی ضمانت منظورکرے تاکہ متعلقہ عدالت میں پیش ہوسکیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی جس دوران پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کا خدشہ ہے۔
جسٹس اطہر نے سوال کیا کہ آپ کے خیال میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کون سی عدالت جانا چاہیے ؟ اس پر وکیل نے کہا کہ کیس اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت جانا چاہیے۔
عدالت نے پوچھا کہ عمران خان کہاں ہیں؟ پیش کیوں نہیں ہوئے؟ وکیل نے کہا کہ عدالت حکم کرے تو عمران خان فوری عدالت پیش ہوجائیں گے، بنی گالہ میں پولیس نے ان کے گھر کا محاصرہ کیا ہوا ہے، غیرمعمولی صورتحال کےباعث درخواست گزار پیش نہیں ہوئے۔
جسٹس اطہر نے کہا کہ درخواست گزار تین بجے تک اس عدالت میں پیش ہوجائیں ، اس پر ان کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ تین بجے دیر ہو جائے گی ابھی آدھے گھنٹے میں آجاتے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ عدالت میں پیش ہونے تک عمران خان کو گرفتار نہ کیا جائے جب کہ عدالت نے انتظامیہ کو سابق وزیراعظم کو ہراساں کرنے سے بھی روک دیا۔
بعد ازاں عدالت کے طلب کرنے پر عمران خان پیش ہوئے۔دورانِ سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو کہا کہ حفاظتی ضمانت اس صورت میں سنی جاسکتی ہے جب معاملہ دوسرے صوبےکاہو۔
جسٹس اطہر من اللہ نے اس کیس میں خصوصی عدالت کو ضمانت کی درخواست سننی چاہیے، اگر کوئی ایشو ہے تو ہم اس وقت تک حفاظتی ضمانت منظور کر لیتے ہیں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم حفاظتی ضمانت منظور کر رہے ہیں، ہم اس کیس کو زیر سماعت رکھتے ہیں اور حفاظتی ضمانت دیتے ہیں، اگر یہ معاملہ حل نہیں ہوتا تو ہم آپ کی درخواست کو دوبارہ سنیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی منگل تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور انہیں 5 ہزار روپے کے مچلکے داخل کرنے کا حکم دیا۔