بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، بلاول بھٹو

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ریاستی پالیسی کے طور پر اسلامو فوبیا کے انسداد کے لیے عالمی مذاکرات بلانے پر زور دیا ہے۔بدھ کے روز نیویارک میں قومی یا نسلی، مذہبی اور لسانی اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق سے متعلق اعلامیے کے موثر فروغ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے ایک ایکشن پلان مرتب کرے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت جو کبھی سیکولر ملک تھا، اپنی مسلم اور عیسائی برادریوں کی قیمت پر ہندو بالادستی کی ریاست میں تبدیل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس کے نفرت سے بھرے ہندوتوا نظریے نے بھارت کی 20 ملین مضبوط مسلم اقلیت کے خلاف خوف اور تشدد کا راج شروع کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی طرف سے اس معاملے پر مکمل خاموشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ہندو بالادستی کی حکومت کو اس کے اسلام مخالف ایجنڈے کا محاسبہ کرے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کی جانب سے سکھ برادری کے لیے قائم کی گئی ہے جو شمولیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔

Back to top button