سینئر صحافی فوزیہ شاہد کے گھر ڈکیتی، ڈاکوئوں کا خاتون صحافی پر تشدد
اسلام آباد کے علاقے میڈیا ٹاؤن میں 5 مسلح ڈاکوؤں نے رات 3 بجے سینیئر خاتون صحافی فوزیہ شاہد کے گھر میں گھس کر انہیں اور ان کے شوہر کو بندوق کی نوک پر زدو کوب کیا۔ رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جب خاتون صحافی نے شور مچایا تو ڈاکوؤں نے انہیں گھونسے، تھپڑ اور لاتیں ماریں۔
ڈاکوؤں نے خاتون صحافی سے ایک موبائل فون اور طلائی زیورات بھی چھین لیے اور انہیں گھر کی پہلی منزل پر چلنے کا کہا، خاتون صحافی نے مزاحمت کی کوشش کی تو ڈاکوؤں نے انہیں بالوں سے گھسیٹا اور بدسلوکی کی۔
ان کے چیخنے پر ڈاکوؤں نے ان کو ایک کمرے میں بند کر دیا اور اوپر چلے گئے، تاہم ان کی بہو نے خود کو کمرے میں بند کر لیا، ملزمان دروازہ کھولنے میں ناکام ہونے کے بعد وہاں سے فرار ہو گئے۔
واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پولیس اور انتظامیہ کو ملزمان کی گرفتاری اور ان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔انہوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے بھی کہا کہ وہ اس کیس میں ذاتی دلچسپی لیں اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنائیں۔