وزیراعظم شہباز شریف کی یواین جنرل اسمبلی کے افتتاحی سیشن میں شرکت
وزیراعظم کی نیوزی لینڈ کی ہم منصب اور فرانس کے صدر سے الگ الگ ملاقاتیں، دوطرفہ امور پر بات چیت
وزیراعظم شہباز شریف کی یواین جنرل اسمبلی کے افتتاحی سیشن میں شرکت، وزیراعظم کی نیوزی لینڈ کی ہم منصب اور فرانس کے صدر سے الگ الگ ملاقاتیں، دوطرفہ امور پر تبالہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں سیشن کے اعلیٰ سطح کے مکالمے کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس کی میزبانی میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں دنیا کی مختلف ریاستوں اور حکومتوں کے سربراہان نے شرکت کی۔
استقبالیے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن سے ملاقات کی۔ تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون سے غیررسمی ملاقات کی، جس میں دو طرفہ امور پر بات چیت کی گئی۔
اس موقع پر وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اس دورے میں آسٹریا کے چانسلر کارل نیہمر، اسپین کے صدر پیڈرو سانچیز پیریزکاسٹیجون اور ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر اعظم امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دینے کے لیے ٹائمز اسکوائز کا دورہ بھی کریں گے۔ بعدازاں، ان سے امریکی خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم آفس کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ آج بروز بدھ 21 ستمبر کو وزیر اعظم شہباز شریف کی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی ایم ڈی کرسٹالینا جارجیوا، ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ ملپس اور ترکیہ کے صدر سے بھی ملاقات ہوگی۔ وزیر اعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے بھی ملاقات کریں گے اس کے علاوہ امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے شیڈول عشائیے میں شرکت کریں گے جس کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف 21 ستمبر کو ترکیہ کے صدر اور ان کی اہلیہ کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی فن لینڈ کے صدر سعالی نوسیتو، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے ان کے دفتر میں ملاقات ہوگی۔
وزیر اعظم کی چین کے وزیر اعظم لی کی کیانگ، جاپان کے وزیر اعظم فیومیو کاشیڈا، لیگزمبرگ کے وزیر اعظم زیوئیر بیٹل سے ملاقاتیں ہوں گی اس کے ساتھ ساتھ ملائیشیا کے وزیر اعظم اسمعیل صابری یعقوب سے بھی ملاقات شیڈول ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف 23 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
وزیر اعظم کی نوبل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی سے بھی ملاقات ہو گی۔ اس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر مملک برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔