بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سیلاب کے باعث ملک کے مختلف حلقوں میں  11، 25 ستمبر اور  2 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی

 سیلاب کے باعث ملک کے مختلف حلقوں میں  11، 25 ستمبر اور  2 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کردیے گئے۔چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں  اہم اجلاس ہوا جس میں ضمنی انتخابات کے انعقاد اور سیلاب کے حوالے سے غور کیا گیا۔

اجلاس میں 11، 25 ستمبر اور 2 اکتوبر کو قومی و صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں میں ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات کی صرف پولنگ کی تاریخوں کو ملتوی کیا گیا ہے،  ضمنی الیکشن کے باقی مراحل شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ 

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ  سیلاب کے باعث سکیورٹی ادارے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، خیبرپختونخوامیں دہشت گردی اور سیلاب کے باعث نقل مکانی کے باعث مقررہ تاریخوں پر ضمنی الیکشن ممکن نہیں،  حالات کی بہتری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دستیابی پر نئی تاریخوں کااعلان کیاجائےگا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 10اورپنجاب اسمبلی کے3 حلقوں پر ضمنی الیکشن کو ملتوی کیا گیا ہے۔

11 ستمبر کو این اے 157 ملتان اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 شیخوپورہ اور پی پی 239 بہاولنگر میں ہونے والے ضمنی الیکشن ملتوی کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں 25 ستمبر کو الیکشن  ہونا تھے جن میں عمران خان پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار ہیں، یہاں بھی الیکشن ملتوی کردیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 209  میں 2 اکتوبر کو ہونے والا ضمنی الیکشن بھی ملتوی کیا گیا ہے۔

اشتہار
Back to top button