ساری دنیا میں اس وقت پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے،عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہےکہ چاہتا ہوں جو بھی فیصلے کررہے ہیں اور کروارہے ہیں ان کو ملک کا سوچنا چاہیے۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا نمائندگان سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ ساری دنیا میں اس وقت پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے، شہبازگل پر جنسی تشدد ہوتا ہے میں کہوں کہ لیگل ایکشن لوں گا تو دہشتگردی کا کیس لگ جاتا ہے، مجسٹریٹ نے تشدد ہوتے ہوئے شہبازگل کو واپس پولیس کے پاس بھیج دیا، اس پر اگر میں لیگل ایکشن لینا کا کہتا ہوں تو مجھ پر دہشتگردی کا کیس لگ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں یہ خبر گئی، ایسا لگا کہ پاکستان بنانا ری پبلک ہے، میں چاہتا ہوں کہ جو بھی فیصلے کررہے ہیں اور کروارہے ہیں ان کو ملک کا سوچنا چاہیے، سب سے بڑی جماعت کے سربراہ کو اس کیس میں گرفتار کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ تحریک انصاف کی طاقت سے خوفزدہ ہیں، ہم ضمنی الیکشن جیتے جارہے ہیں، تاریخ میں اتنے بڑے جلسے نہیں ہوئے، خوف کی وجہ سے ٹیکنیکل ناک آؤٹ کرنے اور اپنی ذات کو بچانے کے لیے یہ پاکستان کا مذاق اڑ رہا ہے۔