بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کاایک کروڑ  71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی فیول ایڈ جسٹمنٹ چارجزختم کرنے کا اعلان

تاجروں سے فکسڈ ٹیکس 3 سے 10 ہزار ختم کیا جا چکا ہے، 42 ارب روپے کا نقصان دیگر محصولات سے پورا کریں گے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے تاجروں اور عوام کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عائد فکسڈ ٹیکس اور 1 کروڑ 71 لاکھ بجلی صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کردیے ہیں۔

قطردورہ کے موقع پر دوحہ میں میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا کہ تاجروں پر عائد فکسڈ ٹیکس اور 1 کروڑ 71 لاکھ بجلی صارفین پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کردیے۔  موجودہ حکومت کی کوششوں سے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہے، ہماری دن رات کوشش ہے کہ ملک میں مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں، امید ہے کہ آئندہ مہنگائی کو قابو پانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ تاجروں پر بجٹ میں لگائے گئے فکسڈ ٹیکس کو ختم کیا جاچکا ہے، اس سے پیدا ہونے والے 42 ارب روپے کے خلا کو دوسرے ذرائع سے پر کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ فکسڈ ٹیکس کا مقصد تھا کہ انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی چیرہ دستیوں سے تاجروں کو بچایا جائے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں بجلی کے 3 کروڑ صارفین ہیں، جن میں سے 1 کروڑ 71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے،اس ریلیف کی تفصیلات وزارت توانائی کی جانب سے آج بروزبدھ سامنے لائی جائیں گی۔

وزیراعظم نے دوران گفتگو یہ بھی کہا کہ ماضی پر رونے دھونے سے کوئی فائدہ نہیں، انشا اللہ پاکستان کے اچھے دن جلد آئیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ تیل مہنگا منگوانے پر اگلے مہینے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگ کر آجاتے تھے، جولائی اور اگست کے مہینوں میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی ہوئی مگر بجلی کی ترسیل کرنے والی کمپنیوں نے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز لگا کر بھیجے جس سے صارفین کو تکلیف پہنچی اور ان پر بوجھ پڑا۔ نواز شریف کے حکم اور اتحادیوں کی خواہش اس پر نظر ثانی کی اور پھر ہم نے تین چار دن کی ورکنگ اور کام کے بعد اب اس ٹیکس کو ختم کردیا ہے۔

اشتہار
Back to top button