بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

حلقہ این اے245 میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی شروع

کراچی کے حلقہ این اے 245 پر ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود افراد اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

حلقہ این اے 245 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا۔

چھٹی کے باوجودکہیں ووٹرز کی دلچسپی کم رہی تو کہیں ووٹرز کا حوصلہ بلند نظر آیا، ایک 80 سالہ بزرگ بھی بیٹے کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کرنے پولنگ اسٹیشن پہنچ گئے۔

حلقے میں مجموعی طور پر 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیکر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔

کسی بھی قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کے 2700 اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں 15 امیدوار مدمقابل ہیں۔این اے 245 میں پی ای سی ایچ ایس، طارق روڈ، پی آئی بی کالونی، لائنز ایریا اور خداداد کالونی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

حلقے میں ایم کیو ایم پاکستان کے معید انور اور پی ٹی آئی کے امیدوار محمود مولوی کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے، پیپلز پارٹی اور جمیعت علمائے اسلام کے امیدوار ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار کے حق میں دست بردار ہو چکے ہیں جبکہ ڈاکٹر فاروق ستار آزاد امیدوار کے طور پر مقابلے میں موجود ہیں۔تحریک لبیک پاکستان کے محمد احمد رضا، پاک سر زمین پارٹی کے سید حفیظ الدین اور مہاجر قومی موومنٹ کے محمد شاہد بھی امیدوار ہیں۔

Back to top button