بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

رواں برس بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں 666 کشمیری شہید ہوئے، پاکستان

اسلام آباد میں دفترخارجہ کے ترجمان عاصم افتخار احمد نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ رواں برس مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں 666 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ غیر قانونی بھارتی  اقدامات کے خلاف ملک بھر میں 5 اگست کو یوم استحصال کشمیر منایا گیا جبکہ دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی ناظم الامورکودفترخارجہ طلب کرکے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو مسترد کیا گیا۔

عاصم افتخار نے صحافیوں کو بتایا کہ دفترخارجہ کےزیر اہتمام وزیردفاع اور سیکریٹری خارجہ کے زیر قیادت ریلی کا انعقاد کیا گیا ساتھ ہی مقبوضہ کشمیرکی الارمنگ صورتحال کو اجاگر کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور آرگنائیزیشن آف اسلامک کوآرڈینیشن (او آئی سی) کو خطوط بھی لکھے گئے۔

بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی تین نسلیں عالمی برادری کے استصواب رائے کے وعدے کو پورا کرانے کی منتظر ہیں جبکہ بھارتی افواج کی جانب سے رواں برس مقبوضہ کشمیر میں 666 کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نے خارجی امور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کا متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان سے ٹیلی فون رابطہ ہوا جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے آسیان ریجنل منسٹریل اجلاس میں شرکت کی۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نےسنگاپور، جاپان، ویتنام، کوریا، تھائی لینڈ، ملایشیا اوریورپی یونین کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جبکہ گزشتہ روز وزیر خارجہ نے جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ کا استقبال کیا، ترجمان دفترخارجہ کے مطابق جمہوریہ ٹوگو کے وزیر خارجہ کی جانب سے یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے ایس سی او ایس ٹی آی پی کے علاقائی ڈائریکٹر سے بھی ملاقات کی جبکہ گزشتہ روز وزیر مملکت برائے خارجہ امورکی جانب سے فیٹف سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی گئی۔

اشتہار
Back to top button