بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عمران خان کا قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔جن نو حلقوں میں ضمنی الیکشن ہوں گے ان علاقوں میں این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور،این اے 45 کرم، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 237 ملیر، این اے 239 کورنگی کراچی، این اے 246 کراچی جنوبی شامل ہیں۔ دوسری طرف عمران خان نے قومی اسمبلی کے ان 9 حلقوں سے خود ضمنی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری طرف عمران خان کے سکیورٹی آف چیف ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ جس جس سیٹ سے استعفی منظور کر کے خالی کی جائے گی، وہاں خان صاحب خود امیدوار ہوں گے اور خود الیکشن لڑیں۔ اب آجائیں میدان میں لگ پتہ جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین نے 2018ء کے جنرل الیکشن میں پانچ حلقوں سے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور پانچوں سیٹیں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ 2018ء کے جنرل الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے این اے 131 لاہور سے خواجہ سعد رفیق، این اے 53 اسلام آباد سے شاہد خاقان عباسی، این اے 243 سے ایم کیو ایم پاکستان کے سیّد علی رضا، این اے 95 میانوالی سے ن لیگ کے عبید اللہ خان، این اے 35 بنوں سے اکرم خان درانی کو شکست دی تھی۔ عمران خان کی سینئر صحافیوں سے گفتگواسلام آباد میں سینئر صحافیوں اور اینکرزسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ الیکشن رواں سال ہونگے یہ لوگ مجھے ’سنگل آؤٹ‘ کرنا چاہتے ہیں اور سمجھتے ہیں مجھے نااہل کرالیں گے لیکن میں ان کے خواب کبھی پورے نہیں ہونگے۔ موجودہ حکمرانوں کا ہر میدان میں مقابلہ کروں گا۔ وزیراعظم تھا تو میرے خلاف مسلسل سازشیں ہو رہی تھیں۔ مجھ سے دور اقتدار میں 2 بڑی غلطیاں ہوئیں، پہلی ابھی نہیں بتاؤں گا، دوسری غلطی یہ تھی کہ سکندر سلطان کو چیف الیکشن کمشنر بنایا۔ دلوں میں بسنے والے لیڈر کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔ بھٹو کو پھانسی کے باوجود کوئی ختم نہیں کرسکا۔ ماضی میں 2 غیر ملکی حکومتوں نے فنڈنگ کی پیشکش کی تھی جو ٹھکرا دی۔  الیکشن اسی سال ہوں گے، ہرمیدان میں مقابلہ کروں گا۔

دوسری طرف الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کی خالی نشستوں پر شیڈول جاری کردیا جہاں انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کی خالی 9 نشستوں پر براہ راست ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہوں گے۔ امیدواران کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروا سکتے ہیں، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے دو خواتین اراکین کی جانب سے مستعفی ہونے کے بعد خالی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی سے نام طلب کر لیے۔الیکشن کمیشن کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی 10 سے 13 اگست تک جمع کروائے جاسکتے ہیں۔ خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کی شاندانہ گلزار کا استعفیٰ منظور ہونے پر مخصوص نشست خالی ہوئی تھی اور دوسری نشست شیریں مزاری کے استعفے سے خالی ہوئی تھی۔شیڈول کے مطابق نامزد امیدواروں کی فہرست 14 اگست کو جاری کی جائے گی اور 17 اگست کو اسکروٹنی ہوگی، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیل 20 اگست تک جمع کرائی جاسکتی ہیں اور 25 اگست اپیلیٹ ٹربیونل میں فیصلہ ہوگا۔ امیدواروں کی نظر ثانی فہرست 26 اگست کو جاری ہوگی جس کے بعد امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 27 اگست تک واپس لے سکتے ہیں۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 29 اگست تک جاری کی جائے گی اور انتخابی نشان بھی 29 اگست کو الاٹ کیے جائیں گے۔

Back to top button