عمران خان کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر
حکومتی اتحادی جماعتوں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائرکر دیا۔ریفرنس رہنما مسلم لیگ ن محسن شاہنواز رانجھا نے الیکشن کمیشن میں جمع کرایا ہے، ریفرنس پر دیگر ارکان قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ، آغا حسن بلوچ ،صلاح الدین ایوبی، علی گوہر اور سعد وسیم شیخ کے دستخط ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کے خلاف ریفرنس کی کاپی اسپیکر قومی اسمبلی کو بھی بھیج دی گئی ہے۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ عمران خان کے 2019 کے گوشوارے نکلوائیں، آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نہ یہ صادق ہیں نہ امین، عمران نیازی نے جو گوشوارے جمع کرائے اس میں جھوٹ بولا، 2019 کے گوشوارے نکال کر توشہ خانے کے تحائف چیک کیے جائیں۔
محسن شاہنواز رانجھا کا کہنا تھا کہ عمران خان نے گوشوارے کے نیچے جو حلف نامہ دیا اس میں جھوٹ بولا گیا، امید رکھتے ہیں الیکشن کمیشن اس ریفرنس پر کارروائی کا آغاز کرے گا۔