قومی
دہشتگردوں کیساتھ جھڑپ،لانس نائیک مجیب الرحمان دھرتی ماں پر قربان
ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک مجیب الرحمان فرض پر قربان ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، وطن کے محافظوں نے امن دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اپنے فوجیوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے مقام کا پتہ لگایا تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران لانس نائیک مجیب الرحمان نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا، شہید ہونے والے لانس نائیک مجیب الرحمان کی عمر 31 سال تھی اور وہ لکی مروت کے رہائشی تھے۔آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔