بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

رانا ثنا اللہ کیخلاف ہیروئن برآمدگی کا کیس غلط تھا، فواد چوہدری کا اعتراف

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اعتراف کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف ہیروئن برآمدگی کا کیس غلط تھا۔

نجی ٹی وی  پروگرام   میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف ہیروئن برآمدگی کا کیس تحریک انصاف نے نہیں بنایا۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس بنانے کے لیے بنی گالہ سے ہیروئن جانے سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ بنی گالہ کا تو اس کیس سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے۔

پروگرام کے میزبان کی جانب سے فواد چوہدری سے پوچھا گیا کہ اگر تحریک انصاف نے رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس نہیں بنایا تو پھر کس نے بنایا ہے؟ جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا یہ رانا ثنا اللہ سے پوچھیں، وہ کھلی باتیں اسمبلی میں کرتے رہے ہیں۔

میزبان کی جانب سے جب پوچھا گیا کہ آپ کو آفریدی صاحب (شہریار آفریدی) سابق وزیر مملکت برائے انسداد منشیات، یاد نہیں آئے جنہوں نے پریس کانفرنس اور قومی اسمبلی میں بھی حلف اٹھایا، جس پر فواد چوہدری نے جواب دیا کہ شہریارآفریدی نے غلط کیا تھا۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا جب یہ کیس اس وقت کابینہ میں آیا تو میں نے تو اس وقت بھی متعلقہ لوگوں سے یہی کہا تھا کہ یہ کیس غلط ہے جس پر وہ اجلاس چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا جب میں نے متعلقہ حکام سے رانا ثنا اللہ کیس سے متعلق سوالات کیے تو اسی وقت اندازہ ہو گیا تھا کہ یہ کیس فضول ہے، ایسا کیس کبھی بھی نہیں بننا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا میرے پاس ثبوت ہیں کہ میرے خلاف کیس کے لیے ہیروئن عمران خان اور شہزاد اکبر نے فراہم کی، جب اسلام آباد پولیس نے میرے خلاف کارروائی کرنے سے انکار کیا تو ایف آئی اے کو استعمال کیا گیا۔

اشتہار
Back to top button