لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف کل سپریم کورٹ جائینگے
سابق وزیر اعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا کہ آج جو لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ آیا ہے ہم اس کے خلاف کل سپریم کورٹ میں جا رہے ہیں کہ حمزہ شہباز اب کیسے وزیر اعلیٰ بن سکتا ہے جبکہ عدالت نے کہہ دیا ہے کہ اس کا انتخاب ہی غلط ہوا ہے تو وہ وزیر اعلیٰ کیسے ہوا۔
اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کسی وجہ سے بنا تھا اور اگر اس کی وجہ دیکھی جائے تو وہ یہ ہے کہ لوگ آزادی چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی یہ کوشش تھی کہ لوگوں کو غلامی سے نجات دی جائے اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے لیے کہا جاتا تھا کہ غلام ہندوستان میں آزاد ذہن تھے اور ان کی تمام کوشش اور جدوجہد یہ تھی کہ اگر ہم ہندوستان میں رہ گئے تو آزاد نہیں ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کے خیالات پر سوچنا چاہیے جنہوں نے اس وقت ہی یہ پیشگوئی کی تھی کہ نریندر مودی کا بھارت بنے گا جس میں مسلمانوں کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی تو اسی وجہ سے پاکستان وجود میں آیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس لیے نہیں بنا تھا کہ ہم ایک غلامی سے نکل کر دوسری غلامی میں آجائیں جبکہ پاکستان کا جو نعرہ تھا ’پاکستان کا مطلب کیا، لا الہٰ اللہ‘ تو یہ آزادی کا نعرہ ہے جو انسان کو آزاد کر دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا اس نعرے پر ایمان ہے تو یہ ممکن ہی نہیں کہ انسان کسی کی غلامی قبول کرے۔