بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سود کیخلاف فیصلہ،حکومت، مالیاتی ادارے یا  افراد وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل میں نہ جائیں،ڈاکٹر قبلہ ایاز

سود کے بارے میں وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کیخلاف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی اپیل کے معاملے پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز  نے وزیر اعظم  شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

اپنے خط میں قبلہ ایاز نے کہا کہ حکومت، مالیاتی ادارے یا  افراد وفاقی شریعت عدالت کے فیصلے کیخلاف اپیل میں نہ جائیں، حکومت شریعت، معیشت اور قانون کے ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس تشکیل دے۔

چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ٹاسک فورس سود کے خلاف فیصلے پر عمل درآمد کیلئے سفارشات مرتب کرے، اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی ٹاسک فورس کا حصہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کونسل نے 30مئی کو  بینکوں کے سربراہان سے بھی اپیل میں نہ جانے کی درخواست کی لیکن 25جون کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی گئی،اسٹیٹ بینک کی اپیل کو عوام نے ناپسند کیا۔

قبلہ ایاز نے  وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ اپیل کو واپس لینے اور ٹاسک فورس کی تشکیل میں کردار ادا کریں۔

خیال رہے کہ  وفاقی شریعت عدالت نے 22 اپریل 2022 کو دیے گئے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ حکومت 5 سال میں سود سے پاک نظام نافذ کرے،  31 دسمبر2027 تک ربا سے مکمل پاک نظام ملک میں نافذ کیا جائے۔

اشتہار
Back to top button