بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم کا گوادر کے گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا اعلان

چھ ماہ کے اندر حکومت گوادر کو ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکے گی ،بریفنگ

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کے گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔ جمعہ کو  وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت بلوچستان میں بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران جیوانی، گوادر، پسنی، اورماڑا، پنجگور اور اور ایران کے درمیان بجلی کی ٹرانسمیشن لائنز کی تعمیر پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹرانسمیشن لائنز کے حوالے سے قلیل مدتی اور طویل مدتی منصوبوں کا اجرا کیا جا رہا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایاگیا کہ چھ ماہ کے اندر حکومت گوادر کو ایران سے مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کر سکے گی اس سے بجلی کی مجموعی فراہمی 260 میگاواٹ جبکہ کھپت 236 میگاواٹ ہوگی۔  مزید یہ کہ خضدار پنجگور ٹرانسمیشن لائن کی دسمبر 2022 میں تکمیل کے بعد 90 میگاواٹ کا سسٹم میں مزید اضافہ ہوگا، اس منصوبے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔

اسکے علاوہ حب اورماڑا ٹرانسمیشن لائن کی فیضیبلٹی تیاری کے مراحل میں ہے، اس ٹرامیشن لائن کی تکمیل کے بعد مزید 200 میگاواٹ سسٹم کو فراہم کر دیا جائے گا۔اس دوران وزیراعظم کی جانب سے گوادر میں گھریلو صارفین کو سولر پینل فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گھریلو صارفین کو سولر پینلز کی فراہمی وفاقی حکومت کا گوادر کے لوگوں کو تحفہ ہوگا۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ  10 دن کے اندر لائحہ عمل پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں بجلی کی فراہمی کیلئے فوری طور پر آف گرڈ نظام کا بھی جامع لائحہ عمل بنایا جائے، آف شور اور آن شور ونڈ پاور منصوبوں کیلئے بھی حکمتِ عملی بنائی جائے اور جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کے کام میں تیزی لا کے اسے رواں سال دسمبر میں مکمل کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل میں دیر کسی قدر قابلِ قبول نہیں ہے تاہم متعلقہ محکمے یقینی بنائیں کہ طویل مدتی منصوبوں میں بھی وقت اور لاگت میں جس قدر ہو سکے کمی لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کے پیسے کی بچت کرے اور اسکا صحیح استعمال یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، گوادر بندرگاہ کو دنیا کی جدید ترین بندرگاہ بنانے کیلئے بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، انجنئیر خرم دستگیر، ڈی جی ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Back to top button