منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف پر 14 مئی کو فرد جرم عائد ہو گی
شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی لاہور کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی۔
شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ مقدمےمیں آج کی سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا گیا جس کے مطابق عدالت نے شہباز شریف کو فرد جرم کیلئے 14 مئی کوطلب کرلیا ہے۔
عدالت نے دیگر تمام ملزمان کو بھی فرد جرم کیلئے 14مئی کو طلب کرلیا ہے۔ تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح کیاجاتا ہےکہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی، تمام ملزمان فرد جرم کیلئے اپنی حاضری یقینی بنائیں، آج سماعت میں شہباز شریف کی عدم پیشی کےباعث فردجرم عائدنہیں ہوسکی۔
تحریری حکم کے مطابق شہبازشریف کےوکیل نےکابینہ اجلاس کی وجہ سے شہباز شریف کی حاضری سے معافی کی درخواست دائرکی، ایف آئی اے نےحاضری معافی کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔
عدالت نے شہباز شریف کے وکیل سے پوچھا کہ یہ حاضری معافی کی درخواست کب تک چلے گی؟ فاضل جج نے حکم دیا کہ شہباز شریف کی آئندہ حاضری یقین بنائی جائے۔
اوزیراعظم شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے کہا اس کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی ،اس بارے میں درخواست دائر کرنی ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ سماعت پر شہبازشریف کے وکیل دلائل دیں یا فرد جرم عائد ہوگی۔
عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانتوں میں 14 مئی تک توسیع کردی۔