بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سپیکر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ اسپیکر توہین عدالت کررہے ہیں، اس پر انہیں نتائج کا سامنا کرنا ہوگا، یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ عدالت نے اسپیکر کی رولنگ کو مسترد کردیا، عدالتی حکم کے تحت آج عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانی ہے، وزیراعظم کو دی گئی غیر جمہوری اور غیر آئینی تجویز جمہوریت کو لپیٹنےکی سازش ہے۔

انہوں نے شاہ محمود کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے وزیراعظم کو کہا تھا کہ ان سے بچیں ورنہ یہ پھنسادیں گے اور انہوں نے ہی آپ کو پھنسایا ہے، جب انہوں نے پہلی بار پارٹی بدلی تو ضمیر کے لیے کتنے پیسے لیے، دوسری بار اور تیسری بار پارٹی بدلی تو ضمیر کے کتنے پیسے لگائے، شاہ محمود قریشی کی بات میں کئی جھوٹ ہیں، جناب اسپیکر ہمارے اور امریکا کے وقت میں فرق ہے، جب یہاں 8 تاریخ تھی تو وہاں 7 تاریخ ہوتی ہے، اگرمراسلےمیں اتنا وزن تھا تو وزیر خارجہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیوں موجود نہیں تھے، سلامتی کمیٹی میں عدم اعتماد کا ذکر نہیں تھا ،صرف ڈیمارش کا ذکر تھا،پاکستان کے خلاف ساز ش تھی تو اسی وقت ان کی غیرت جاگنی چاہیے تھی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ آگر عدالتی حکم کے مطابق ووٹنگ نہیں ہوئی تو اپوزیشن ارکان اسمبلی سے نہیں جائیں گے، عدالت کا حکم ہے کہ آج آپ کو ووٹنگ کرانی ہے، ہم حقوق سے آپ سے چھینیں گے ، اسپیکر صاحب آپ اس جرم میں شامل ہیں،عمران خان اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، اکثریت اپوزیشن کی طرف ہے، اسپیکر نہ صرف عدالتی حکم کی خلاف ورزی کررہے ہیں بلکہ آئین شکنی بھی کررہے ہیں، آپ عدالت کا حکم مانیں اور ووٹنگ کرائیں، عمران خان اسپیکر کی قربانی کے ذریعے ایک دو دن مزید کرسی پر رہنا چاہتے ہیں۔

بلاول کا کہنا تھا کہ یہ پہلے بھی سلیکٹڈ تھے اور دوبارہ سلیکٹ ہوکر آنا چاہتے ہیں،یہ  پہلے بھی فیض یاب ہوئے اور  دوبارہ فیض یاب ہونا چاہ رہے ہیں،  عمران خان کو معلوم ہےکہ اگر شفاف الیکشن ہوئے تو یہ نہیں جیت سکتے، یہ چاہتے ہیں بحران پیدا ہو ، تماشہ کریں آمریت سامنے آئے ملٹری رول ہو، ان کو 18 ویں ترمیم اور صوبوں کے حقوق کے خاتمے کے لیے سلیکٹ کیا گیا، معاشی بحران لانے کے لیے سلیکٹ کیا گیا، کپتان بزدلانہ طریقے سے ایوان سے بھاگ گیا، جو عمران کو مشورہ دے رہے ہیں ان کو میں پہچانتا ہوں جانتا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آمریت آئے تو آئے،کپتان اپنی ضد پر اڑا ہے، ہم چاہتے تو اسی عدالت سے عمران کو نااہل کراتے، دھرنا دیتے لیکن ہم نےکہاہم اسے جمہوری آپشن سے ہٹائیں گے۔

اشتہار
Back to top button