وفاقی دارالحکومت میں جلسے، ریڈ زون سیل کرنے کا فیصلہ
حکومت اور اپوزیشن کے جلسوں کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریڈ زون کو سِیل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
انتظامیہ کی جانب سے ریڈ زون کے راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی ہیں، آمد و رفت کے لیے مارگلہ روڈ، ایوب چوک، سرینا چوک کے متبادل راستے دستیاب ہیں۔
سرکاری اسپتالوں، پولیس اور انتظامیہ کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔
پولیس نے 12 ہزار کی اضافی نفری دارالحکومت اسلام آباد منگوانے کی سمری دے دی۔
راولپنڈی ڈویژن میں سرکاری اداروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
احکامات کے حوالے سے نوٹیفکیشن کمشنر راولپنڈی ڈویژن نورالامین مینگل نے جاری کیا ہے ۔
ریسکیو 1122، صحت کی سہولتیں فراہم کرنے والے ادارے، سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ رہنے کاحکم دیا گیا ہے۔
یہ احکامات کسی بھی ممکنہ صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام معاملات کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر کمشنر دفتر کو بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بہترین رابطے رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔