اے این پی کے بلدیاتی امیدوار کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا
شمالی وزیرستان کے علاقے میرالی بازار میں مسلح ملزمان نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی جانب سے جنرل کونسل کی نشست پر نامزد مصور داور کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح حملہ آوروں نے اے این پی کے امید وار کو ان کے دفتر کے باہر قتل کیا اور فرار ہوگئے۔
پولیس کی جانب سے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد مقتول کی میت ورثا کے حوالے کردی گئی ہے، مصور داور کے چچا ملک صالح کو بھی متعدد بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی۔
مقتول حیدر خیل کے علاقے سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے رہے تھے جبکہ سماجی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ انہوں نے وزیرستان کی جوان نسل کے لیے بھی کام کیے۔تحریر جاری ہے
اے این پی کے صوبائی صدر ایمل والی خان نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی کے کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ واقعے خلاف صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں احتجاج کریں۔
پشاور سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ امن و امان کی صورتحال تیزی سے بگڑ رہی ہے اور دن دیہاڑے جوانوں کو قتل کیا جارہا ہے۔