قومی
پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ
پاک بحریہ نے مشق سی اسپارک 2022 کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں فائر پاور کا کامیاب مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نےفائر پاور ڈسپلے کا مشاہدہ کیا جبکہ پاک بحریہ کے بحری جہاز، آبدوز اور ہوائی جہاز نے سطح آب اورزیر آب مار کرنے والے میزائلز اور تارپیڈو کامیابی سے فائر کیے۔
ترجمان کے مطابق لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور حربی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سمندری حدود میں دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور ملکی دفاع ناقابل تسخیر بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی۔