بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وزیراعظم عمران خان کی یورپی یونین کونسل کے صدر سے گفتگو،روس یوکرین تنازع پر تشویش کا اظہار

وزیر اعظم عمران خان نے یورپی یونین کونسل کے صدر سے گفتگو میں روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلے کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس مائیکل سے یوکرین کی صورت حال پر بات کی اور یوکرین میں جاری عسکری تنازع پر تحفظات کے اظہار کے ساتھ ساتھ ترقی پذیر ممالک پر مرتب ہونے والے اس کے مہلک معاشی اثرات پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ جنگ بندی اور صورت حال کی شدت میں فوری کمی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔عمران خان نے انسانی امداد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تنازع کو بات چیت اور سفارت کاری سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان کی طرح کے ممالک اس صورت حال میں سہولت کاری کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہاکہ وہ مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لیے قریبی روابط کے خواہش مند ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق چارلس مائیکل سے گفتگو میں وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کا اصولی مؤقف ہے کہ وہ صرف امن میں شراکت دار ہوگا اور یوکرین انسانی ریلیف کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

انہوں نے یورپیئن کونسل کے صدر کو بتایا کہ پاکستان کے یوکرین اور روس دونوں سے دوستانہ مراسم ہیں اور وہ دونوں سے قریبی رابطے میں ہیں۔

عمران خان نے تنازع کو مذاکرات اور سفارت کاری سے حل کرنے کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس تنازع کے حل میں سفارت کار کا کردار ادا کر سکتا ہے اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قریبی رابطے میں رہنے کا عزم ظاہر کیا۔

اشتہار
Back to top button