فوری انصاف کی فراہمی کیلئے قانون سازی کی مدد سے وفاقی محتسب کو مزید مضبوط اور موثر بنانا ہوگا ، ڈاکٹر عارف علوی
دور دراز علاقوں میں انتظامی ناانصافیوں کے خلاف بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب کی رسائی بڑھانا ہوگی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قانون سازی کے ذریعے محتسب کے ادارے میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں میں انتظامی ناانصافیوں کے خلاف بلا معاوضہ انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب کی رسائی بڑھانا ہوگی۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے دورہ کے دوران اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
صدر مملکت کو وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے متاثرہ افراد کو بلامعاوضہ انصاف کی فراہمی کے حوالے سے بریفنگ دی۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فوری انصاف کی فراہمی کیلئے قانون سازی کی مدد سے وفاقی محتسب کو مزید مضبوط اور موثر بنانا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بہتر طرز ِحکمرانی کیلئے ناانصافی کے مرتکب سرکاری اداروں کے ساتھ روابط بڑھانے کے ساتھ ساتھ وفاقی محتسب کی خدمات اور کردار کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا ادارہ متاثرہ افراد کو مفت انصاف فراہم کر رہا ہے۔
صدر مملکت کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ ادارے نے2021 میں 106732 شکایات کو نمٹایا جبکہ اسے110398 شکایات موصول ہوئیں، سال 2021 میں 42 ہزار سے زائد آن لائن شکایات پر کارروائی کی گئی، 92.7 فیصد سے زائد ہدایات پر عمل درآمد کیا گیا اور 1.85 ارب روپے کے معاملات میں انصاف فراہم کیا گیا۔ وفاقی محتسب نے صدر مملکت کو ضلعی اور ذیلی سطح پر انصاف کی فراہمی کیلئے رسائی بڑھانے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ دور دراز علاقوں کے لوگوں کی سہولت کے لیے 14 علاقائی دفاتر قائم کیے گئے ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کیلئے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ون ونڈو سہولتی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں جبکہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کیلئے صوبائی محتسب کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ساتھ کام کررہا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری وفاقی محتسب اعجاز احمد خان، صدارتی سیکرٹریٹ کے کنسلٹننٹ (قانونی امور) جسٹس (ر) سید زاہد حسین اور وفاقی محتسب کے سینئر مشیروں نے بھی شرکت کی۔