میر شکیل الرحمان باعزت بری
لاہور کی احتساب عدالت نے پرائیوٹ پراپرٹی کیس میں ایڈیٹر انچیف جنگ اور جیو میر شکیل الرحمان سمیت تمام ملزمان کو باعزت بری کردیا۔
احتساب عدالت میں نیب حکام نے میر شکیل الرحمان کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کرا رکھا تھا اور نیب کے پراسیکیوٹر حارث قریشی نے بھی دلائل مکمل کرلیے تھے۔
گزشتہ ہفتے میر شکیل الرحمان کے وکیل امجد پرویز نے ان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کیے تھے۔
امجد پرویز ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ قانون کے مطابق شہادتیں ٹھیک نہ ہوں تو میر شکیل الرحمان کو بری کیا جائے کیونکہ شہادتوں میں کچھ شہادتیں نہیں ہیں۔
امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ایڈیٹر انچیف جنگ اور جیو کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
احتساب عدالت نے آج اپنا فیصلہ سناتے ہوئے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کو اس کیس میں باعزت بری کردیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں یہ بھی لکھا کہ میر شکیل الرحمان پر جو الزامات تھے ان سے بھی انہیں بری کیا جاتا ہے اور جو چیزیں تحویل میں ہیں وہ میر شکیل الرحمان کو واپس کی جاتی ہیں۔