بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

اسرائیلی صدر متحدہ عرب امارات کا پہلا تاریخی دورہ کرینگے

اسرائیل کے صدر ایساک ہرزوگ رواں ماہ کے آخر میں متحدہ عرب امارات کا پہلا تاریخی دورہ کریں گے جو دونوں ملکوں میں تعلقات کی بحالی کے بعد کسی اسرائیلی صدر کا امارات کا پہلا دورہ ہو گا۔

رپورٹ کے مطابق صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 30 سے 31 جنوری تک صدر خاتون اول کے ہمراہ عرب ریاست کا دورہ کریں گے اور متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کریں گے۔

اسرائیلی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ مجھے یہ اعزاز نصیب ہوا ہے کہ میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے والا پہلا اسرائیلی صدر بن کر تاریخ رقم کروں گا، ہم ایک نئے مشترکہ مستقبل کی بنیادیں رکھ رہے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ صدر دبئی کے حکمران اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں سے ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ دبئی ایکسپو کا دورہ بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ 16ماہ قبل متحدہ عرب امارات نے کئی دہائیوں کے جمود کو توڑتے ہوئے اسرائیل کو تسلیم اور تعلقات بحال کرنے کا اعلان کردیا تھا۔

اس معاملے میں امریکا نے ثالث کا کردار ادا کیا تھا اور امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جسے ابراہام معاہدے کا نام دیا گیا تھا اور فسلطینی عوام نے اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا تھا۔

اشتہار
Back to top button