فوجی اسلحہ برآمدگی کیس میں 3 ملزمان گرفتار
کراچی میں لی مارکیٹ کے اولڈ سٹی ایریا میں ایک ٹرسٹ سے تعلق رکھنے والی برطانوی دور کی عمارت کے گراؤنڈ فلور کے نیچے سے برآمد ہونے والے ‘پرانے اور زنگ آلود’ اسلحے کی بھاری مقدار کے معاملے میں پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹ کے مطابق جمعہ کی رات شروع کیے گئے پولیس آپریشن کے نتیجے میں 63 ریوالور، 183 اسٹین گن، 13 اینٹی ایئر کرافٹ گن، 6 ماوزرز اور مختلف جدید ترین ہتھیاروں کے ٹکڑے برآمد ہوئے تھے۔
نیپئر تھانے کے ایس ایچ او ظفر اقبال نے بتایا کہ سپر مارکیٹ کے ایس ایچ او محمد ریاض کی جانب سے سندھ آرمز ایکٹ 2013 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے سیکشن 7 کے تحت ریاست کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
شکایت کنندہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ اسے ایک ٹرسٹ کی پرانی عمارت کے اندر جدید ترین ہتھیاروں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
تفتیش کاروں نے تین افراد کو حراست میں لیا ہے جن کی شناخت محمد سلیم، محمد شفیق اور فیضان کے ناموں سے ہوئی ہے، ان سب نے صدیق وہاب روڈ پر واقع عمارت کے گراؤنڈ فلور پر چھپائے گئے اسلحے کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق اسلحہ 30 سے 35 فٹ تک پھیلے گراؤنڈ فلور کے نیچے چھپایا گیا تھا اور تین سے ساڑھے تین فٹ تک گہرائی تک کھدائی کی گئی، واقعے کی جگہ نیپئر تھانے سے تقریباً 150 گز کے فاصلے پر تھی۔
آپریشن کی نگرانی کرنے والے خواجہ اجمیر نگری کے ڈی ایس پی معین نے اتوار کو میڈیا کو بتایا کہ آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔