پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایوارڈز میلہ محمد رضوان نے لوٹ لیا
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ برس عمدہ پرفارمنسز دینے والے کھلاڑیوں کو مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز سے نوازا، جہاں محمد رضوان 2 ایوارڈز لے اُڑے۔
پی سی بی ہائی پرفامنس سینٹر میں ہونے والی اس تقریب میں کھلاڑیوں کو 8 مختلف کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے گئے جن میں اسپرٹ آف کرکٹ اور امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی شامل تھا۔
موسٹ ویلیو ایبل پلیئر آف دی ایئر:
ریکارڈ ساز وکٹ کیپر بیٹر کو پی سی بی نے سال 2021 کا موسٹ ویلیو ایبل پلیئر کا بھی ایوارڈ دیا۔
اس ایوارڈ پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑے ایوارڈ پر کافی خوش ہوں۔
ویمن کرکٹر آف دی ایئر:
ویمن کرکٹر آف دی ایوارڈ ندا ڈار نے اپنے نام کرلیا۔
ندا نے 6 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 95 رنز بنانے کے ساتھ 7 وکٹیں بھی حاصل کیں، جبکہ انہوں نے پاکستان ویمنز کپ میں 146 رنز اسکور کیے اور 14 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ندا ڈار کا کہنا تھا کہ پی سی بی ایوارڈ جیتنا میرے لیے فخر کی بات ہے، پاکستان کے لیے اچھی پرفارمنس کے بدلے میں ایوارڈ ملنا حوصلہ افزائی کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ ایوارڈ اپنے مرحوم والد کے نام کرتی ہوں، جنہوں نے ہمیشہ سپورٹ کیا۔
ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر:
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی سال کے بہترین ٹیسٹ کرکٹر قرار پائے۔
اس موقع پر حسن علی نے کہا کہ ایوارڈ ملنے پر خوشی ہے، محنت کا صلہ مل رہا ہے۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ ہر پرفارمنس کو انجوائے کیا، جنوبی افریقہ کیخلاف پنڈی ٹیسٹ یادگار ہے۔
ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر:
ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ کپتان بابر اعظم کے نام رہا۔
اپنے اس ایوارڈ پر بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمیشہ فینز کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کرتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ سال انگلینڈ کے خلاف 150 سے زائد رنز کی اننگز پسندیدہ اننگز تھی۔
خیال رہے کہ اس کیٹیگری میں بابراعظم کا مقابلہ فخر زمان، حارث رؤف اور شاہین آفریدی سے تھا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر:
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان سال کے بہترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پلیئر قرار دیے گئے۔
دوسرے ایوارڈ پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ2021 ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ایک غیرمعمولی سال تھا۔
اس کیٹیگری میں شاداب خان، حارث رؤف اور شاہین آفریدی بھی نامزد تھے۔
ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر:
نوجوان کرکٹر محمد وسیم جونیئر کو ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا گیا۔
اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے نوجوان آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ مشکل حالات میں حوصلہ افزائی پر دوستوں اور اہلخانہ کا مشکور ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ایس ایل میں موقع دینے پر اسلام آباد یونائیٹڈ کا بھی شکر گزار رہوں گا۔
محمد وسیم جونیئر کا کہنا تھا کہ اب تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کو ہدف بنا رکھا ہے۔
بیسٹ پرفارمنس آف دی ایئر:
شاہین شاہ آفریدی کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں بھارت کے خلاف میچ میں فتح گر پرفارمنس دینے پر سب سے متاثر کن کارکردگی کا ایوارڈ دیا گیا۔
شاہین شاہ آفریدی نے بھارت کے خلاف 31 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ یہ میچ پاکستان نے 10 وکٹوں سے اپنے نام کیا تھا۔
ایوارڈ ملنے پر شاہین آفریدی نے کہا کہ پی سی بی ایوارڈ جیتنے پر بہت خوش ہوں، پاکستان کے لیے عمدہ پرفارمنس کی سوچ لے کر میدان میں اترتا ہوں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کا یہ بولنگ اسپیل ہمیشہ یادگار رہے گا۔
امپائر آف دی ایئر:
اسی طرح امپائر آصف یعقوب سال کے بہترین امپائر قرار پائے۔
ڈومیسٹک کرکٹر آف دی ایئر:
صاحبزادہ فرحان سال کے بہترین ڈومیسٹک کرکٹر قرار پائے۔
صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس کا صلہ مل گیا۔
اسپرٹ آف کرکٹ:
رواں برس ایوارڈ لسٹ میں شامل اسپرٹ آف کرکٹ کا ایوارڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دوران نمیبیا کے ڈریسنگ روم میں قومی کرکٹرز کا حوصلہ افزائی کے لیے جانے کے لمحے کو دیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کی مبارکباد
چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ایوارڈز جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر فارمیٹ میں پلیئرز نے شاندار پرفارم کیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔