اومی کرون سے متعلق این سی او سی کا نیا پیغام جاری
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام جاری کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری کئے گئے پیغام میں این سی او سی کا کہنا ہے کہ اومی کرون وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کورونا کی نئی لہر کا سامنا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اومی کرون کے خلاف واحد دفاع مکمل ویکسینیشن ہی ہے۔
حکومتی ادارے کا یہ بھی کہنا ہے کہ اپنی ویکسینیشن جلد از جلد مکمل کروائیں اور کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دیں۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 482 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 3 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 535 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 95 فیصد پر آ گئی۔
پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 921 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 94 ہزار 861 ہو چکی ہے۔