بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

امریکا میں ایک شخص کی فائرنگ سے 5ہلاک

امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک شخص کی جانب سے مختلف مقامات پر فائرنگ سے 2 خواتین سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک مسلح شخص نے مختلف مقامات پر فائرنگ کی تاہم بعد میں اس شخص کو ہلاک کردیا گیا۔

فائرنگ کے ان واقعات کا آغاز پیر کی شام 5 بجے ہوا جس کے نتیجے میں ڈینور اور لیک وڈ شہروں میں ابتدائی طور پر 4 افراد ہلاک ہوئے۔

پولیس کے مطابق ڈینور میں 2 خواتین ہلاک ہوئیں جبکہ ایک آدمی زخمی ہوا اس کے علاوہ ایک شخص کو اس کے گھر کے باہر ہلاک کیا گیا۔

اس کے بعد مسلح شخص لیک وڈ پہنچا اس نے ٹیٹو پارلر میں ایک شخص کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کیا۔

لیک وڈ پولیس نے جلد ہی مسلح شخص کو شناخت کرلیا تاہم اس دوران حملہ آور ایک شاپنگ سینٹر میں داخل ہوا جہاں اس نے ایک خاتون ملازم کو ہلاک کیا۔

شاپنگ سینٹر میں ہی حملہ آور کا ایک خاتون پولیس اہلکار سے آمنا سامنا ہوا جس نے اسے ہتھیار پھینکنے کا حکم دیا۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران خاتون پولیس اہلکار زخمی ہوئیں تاہم زخمی حالت میں بھی وہ حملہ آور کو ہلاک کرنے میں کامیاب رہیں۔

لیک وڈ پولیس کے ترجمان کے مطابق زخمی خاتون پولیس اہلکار خطرے سے باہر ہیں تاہم انہیں مزید سرجری کی ضرورت ہے۔

حملے کے مقاصد واضح نہیں ہیں تاہم پولیس ترجمان کا کہنا تھا ’اب تک کی معلومات کے مطابق ایسا لگ رہا ہے کہ حملہ آور مخصوص افراد کو نشانہ بنا رہا تھا‘، پولیس نے حملہ آور کے پاس سے 2 ہتیھار بھی برآمد کیے ہیں۔

امریکا میں آتشیں ہتیھاروں کا بے دریغ استعمال ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، ہتھیاروں کی دستیابی محدود رکھنے کا مطالبہ کرنے والوں کا خیال ہے کہ اس کی وجہ ہتیھاروں کے پھیلاؤ کے ساتھ کمزور قوانین بھی ہیں۔

اشتہار
Back to top button