کراچی، گرین لائن بس سروس کا آزمائشی بنیادوں پرآغاز
10 جنوری سے باقاعدہ کمرشل آپریشن کا آغاز ہوگا
کراچی میں گرین لائن بس سروس کا آزمائشی بنیادوں پر آغاز ہو گیا۔ ابتدا میں بسیں صبح آٹھ بجے سے چلائی گئیں جس کے بعد 10 جنوری سے باقاعدہ کمرشل آپریشن کا آغاز ہوگا۔مسافر دوران سفر وائی فائی اور موبائل چارجنگ پورٹ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔گرین لائن بس منصوبے کیلئے چین سے 80 بسیں منگوائی گئی ہیں لیکن شروع میں 25 بسیں چلائی گئیں جبکہ سٹاپس کی تعداد بھی کم رکھی گئی ۔گرین لائن بس کی لمبائی 18میٹر ہے جس میں ایک وقت میں 44مسافر سفر کر سکتے ہیں، رش کے اوقات میں 180 افراد سفر کر سکتے ہیں۔گرین لائن بس کی نگرانی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں جبکہ بس کا روٹ سرجانی ٹائون سے نمائش چورنگی تک 22 کلو میٹر ہے، بس مزار قائد کے سامنے انڈر پاس سے ہوتی ہوئی نمائش چورنگی پہنچے گی۔گرین لائن بسوں کا کمرشل آپریشن شروع ہونے پر سرجانی سے نمائش تک یومیہ ایک لاکھ 35ہزار شہری ٹرانسپورٹ کی جدید سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔