بھارتی فوج نے وحشیانہ ہتھکنڈوں سے ہزاروں کشمیریوں کو عمر بھر کیلئے معذور کر دیا
پیلٹ گنز کے چھرے لگنے سے 200سے زائد افراد بصارت سے محروم ہو چکے ہیں
معزور افراد کے عالمی دن پر ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشنز میں کشمیریوں کو ماورائے عالت قتل کے ساتھ ساتھ وحشیانہ ہتھکنڈوںسے ہزاروں کشمیریوں کو عمر بھر کیلئے معذور کر دیا گیا ہے ۔ بھارتی فوج پر امن مظاہرین کے خلاف مہلک پیلٹ گنز کا استعمال بھی کر رہی ہے ۔ پیلٹ گنز کے چھرے لگنے سے 200سے زائد افراد بصارت سے محروم ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجی کشمیریوں کو اپا ہج بنانے کیلئے انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں جن میں پر امن مظاہروںاور سوگواران پرگولیوں ،پیلٹ گنز ، پا وا اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال شامل ہے۔ اسکے علاوہ وحشیانہ ظلم و تشدد، بجلی کے جھٹکے، ٹانگوں کے پٹھوں کو لکڑی کے رولر سے کچلنا ، گرم چیزوں سے جلانا اور تفتیشی مراکز میں الٹا لٹکانا بھی شامل ہیں جبکہ محکوم کشمیریوں کے خلاف کھلونانما بموں اور بارودی سرنگوں کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف مہلک پیلٹ گنز کے وحشیانہ استعمال سے مقبوضہ علاقے میں معذور ہونے والے افراد کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے اور اس وقت تین ہزار سے زائد کشمیری اپنی ایک یا دونوں آنکھوں کی بصارت کھونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ رپورٹ میں عالمی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں کو ایک منظم طریقے سے معذوربنانے کے بھارتی حکومت کے غیر انسانی اقدام کا فوری نوٹس لے۔