سابق چیف جج رانا محمد شمیم طلبی کے باوجود عدالت پیش نہ ہوئے
سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا محمد شمیم کے بیانِ حلفی پر خبر شائع کرنے کے معاملے میں عدالتی نوٹس کے باوجود سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم آج غیر حاضر رہے جبکہ ان کے صاحبزادے عدالت میں پیش ہوئے۔
جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن، دی نیوز کے ایڈیٹر عامر غوری، دی نیوز کے ایڈیٹر انویسٹی گیشن انصار عباسی بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نیاز اللّٰہ نیازی بھی عدالت میں پہنچ گئے۔
سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے صاحبزادے رانا شمیم نے بتایا کہ والد صاحب رات اسلام آباد پہنچے ہیں، ان کی طبیعت ٹھیک نہیں۔
رانا شمیم کے بیٹے نے عدالتی عملے سے کمرۂ عدالت میں ویڈیو چلانے کی اجازت مانگ لی اور کہا کہ ہم ایک ویڈیو عدالت میں چلانا چاہتے ہیں، اس کے لیے لیپ ٹاپ لا سکتے ہیں؟
عدالتی عملے نے جواب دیا کہ سماعت شروع ہو گی تو جج صاحب سے پوچھ لیجیئے گا۔
دورانِ سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کو روسٹرم پر بلا لیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن نے مخاطب ہو کر کہا کہ بہت بھاری دل کے ساتھ آپ کو سمن کیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ سوشل میڈیا اور نیوز پیپر میں فرق ہوتا ہے، اخبار کی ایڈیٹوریل پالیسی اور ایڈیٹوریل کنٹرول ہوتا ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ اس ہائی کورٹ کے جج سے متعلق بات کی گئی جو بلاخوف و خطر کام کرتی ہے۔