بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن سے معذرت

 وفاقی وزیر  اطلاعات فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے معذرت کرلی۔الیکشن کمیشن میں ادارے اور چیف الیکشن کمشنر کے خلاف نازیبا الفاظ اورالزامات کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں فواد چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

فواد چوہدری نے مؤقف اپنایا کہ میں خود وکیل ہوں، شو کاز نوٹس کے چکر میں پڑنا نہیں چاہتا، اس پر ممبرز الیکشن کمیشن نے کہا کہ وکیل تو عدالت سے لڑائی نہیں کرتے، عدالت کے اندر لڑائی ہوتی ہے،عدالت کے باہر تو لڑائی نہیں ہوتی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا ذاتی احترام ہے، میں کابینہ کا ماؤتھ پیس ہوں، اکثر باتیں وہ کرتا ہوں جو میرے الفاظ نہیں ہوتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کو گالی نہیں دی، میں معذرت کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر کی معذرت پر ممبرز الیکشن کمیشن نے کہا کہ جوآپ کہہ رہے ہیں آپ تحریری طور پرجمع کرادیں۔

بعدازاں الیکشن کمیشن کے باہر گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن میں پیش ہوا،اداروں کا احترام کرتا ہوں، ان کے خلاف کوئی بات نہیں کرتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بطوروزیراطلاعات جو بات کرتا ہوں وہ کابینہ کی پالیسی ہوتی ہے، ہم ججز اور اداروں کا احترام کرنے اور آگے چلنے پر یقین رکھتے ہیں، امید ہے الیکشن کمیشن مثبت نظریہ اپنائے گا جس سے آگے بڑھ سکیں گے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے ادارے کے خلاف نازیبا الفاظ اور الزامات پر وفاقی وزرا اعظم سواتی اور فواد چوہدری کو نوٹسز جاری کیے تھے۔

اشتہار
Back to top button