پنجاب انتظامیہ ہماری کارکنوں کیساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے، چوہدری پرویز الہیٰ
پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب اور وفاق میں اتحادی اور مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہم 3 سال سے حکومت کا ساتھ نبھا رہے ہیں لیکن یہ ہمارا ساتھ نہیں نبھا رہے۔
مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے جس کی سربراہی چوہدری پرویز الہی کریں گے۔
اس حوالے سے اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہم 3 سال سے وفاق اور صوبے کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، ہم حکومت کا ساتھ نبھا رہے ہیں لیکن یہ نہیں نبھا رہے۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی انتظامیہ ہر ضلع میں ہمارے کارکنوں کے ساتھ ناروا سلوک کر رہی ہے۔
سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ حکومت کو یاد دلانے کیلئے سینیٹ کا الیکشن ہی کافی ہے، حکمران بھول گئےکہ کس طرح ووٹ مانگے بغیر ان کو کامیابی ملی، حکمران یہ بھی بھول گئے کہ ان کا کوئی بندہ ووٹ مانگنے کیلئے بھی نہیں آیا۔
کامل علی آغا کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم نے انہیں سینیٹ کے مشکل ترین الیکشن میں کامیابی کے ساتھ نکالا، پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں مشاورت کے بعد متفقہ فیصلہ کل جاری کیا جائے گا۔