مہنگائی کیخلاف پی ڈی ایم کا کراچی میں احتجاجی مظاہرہ
مہنگائی پرحکومت کے خلاف پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) نے کراچی کے ریگل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرے سے مولانا فضل الرحمان، شاہد خاقان عباسی، مولانا غفور حیدری، محمود خان اچکزئی ، احمد نواز جدون، عبدالمالک بلوچ، اویس نورانی اور مفتاح اسماعیل سمیت مختلف رہنماؤں نے خطاب کیا اور وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کی۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جو حکمران قوم کی رسوائی کا سبب بنتے ہیں انہیں حکمرانی کاکوئی حق نہیں ، حکمرانوں کے ہاتھوں عوام کی رسوائی ہو رہی ہے ، ہم نے ملک کو بحران سے نہ نکالا تو ملکی بقا کا سوال کھڑا ہوجائےگا۔
ن لیگ کے شاہد خاقان عباسی نے خطاب میں کہاکہ پی ڈی ایم اقتدار نہيں چاہتی ، مہنگائی کا خاتمہ چاہتی ہے ، حکومت نے عوام کو تکلیف میں مبتلا کر رکھا ہے ، ملکی مسائل کا واحد حل فوری اورشفاف انتخابات ہیں۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ دنیا کا کوئی ملک آئين کے بغیر نہیں چل سکتا ، پی ڈی ایم اس لیے نہیں بنی کہ ہم سب بیکار بیٹھے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، عدلیہ اور پارلیمنٹ کی آزادی کے بغیر حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے۔
مظاہرے سے مفتاح اسماعیل، اویس نورانی، محمد زبیر اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔